مظفرگڑھ، پی ایم اے کی ٹی ایچ کیو ہسپتال میلسی کے ڈاکٹر اور ایم ایس پر تشدد کی شدید مذمت

مظفر گڑھ ۔ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 13 اگست2019ء) پی ایم اے مظفر گڑھ ٹی ایچ کیو ہسپتال میلسی کے ڈیوٹی ڈاکٹر اور ایم ایس پر پیٹرول پمپ پر ڈکیتی کے دوران زخمی ہونے والے سیلز مین کی جان بچانے میں ناکامی پر زخمی سیلز مین کے لواحقین کی طرف سے بہیمانہ تشدد کی شدید مذمت کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ ذمہ داروں کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے، پی ایم اے اس مقصد کیلئے اپنی دیگر تنظیموں کے ساتھ مل کر جدوجہد کرے گی۔
ڈاکٹروں اور طبی عملے کیلئے سیکورٹی کے کسی موئثر قانون کی غیر موجودگی میں ڈاکٹروں اور طبی عملے پر تشدد کے واقعات میں دن بدن اضافہ نہایت تشویش کا باعث ہے، طبی اہلکارو ں کے خلاف تشدد ایک انسانی المیہ ہے جو طبی سہولیات کی فراہمی اور اٴْس تک رسائی میں مشکلات پیدا کرتا ہے، طبی سہولیات اور عملہ جات کے خلاف جب تشدد ہوتا ہے تو اس سے میڈیکل سروس کا معیار ہی متاثر نہیں ہوتا بلکہ طبی عملے اور ہسپتال میں موجود دیگر ضرورت مند مریضوں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہوجاتے ہیں۔اس مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کیلئے موئثر قانون سازی ہونی چاہئے۔