مظفرگڑھ، پنجاب حکومت صنعتی کارکنان کو معاشی طور پر مستحکم کرنے کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے، صوبائی وزیر انصر مجیدخان

مظفرگڑھ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 04 مارچ2020ء) صوبائی وزیر برائے لیبرویلفیئر و افرادی قوت انصر مجیدخان نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں صوبائی حکومت نے تعلیم اور صحت کے شعبہ پر اپنی توجہ مرکوز کی ہوئی ہے، حکومت صوبہ کی عوام کو صحت اور تعلیم کی سہولیات مفت فراہم کرنے کا عزم کیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب غریب طبقہ با لخصوص صنعتی کارکنان کو معاشی طور پر مستحکم کرنے کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے، یہ بات انہوں نے کیپکو کوٹ ادو میں صنعتی کارکنا ن کے بچوں کے تعلیمی وظائف کے چیک تقسیم کرنے کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی اشرف رند، ڈپٹی ڈائریکٹر لیبر ویلفیئر غلام شبیر کلیار بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت صنعتی کارکنان کی بہتری اور ترقی کیلئے کوشاں ہے، مزدوروں کے حقوق کی تحفظ کیلئے قانوں سازی پر کام کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارکن خوشحال ہوگا تو صنعتیں ترقی کریں گے اور صنعتیں ترقی کریں گی تو ملک خوشحال ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی ترقی کیلئے صنعتی کارکن ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے غریبوں کو صحت کی سہولیات مفت فراہم کرنے کیلئے صحت کارڈ تقسیم کیے جس سے مزدور طبقہ زیادہ مستفید ہورہا ہے۔ بعد ازاں صوبائی وزیر نے صنعتی کارکنا ن میں 7کروڑ 37لاکھ روپے کے وظائف کے چیک تقسیم کئے۔