مظفرگڑھ، وزیر اعظم احساس کفالت پروگرام کے تحت امدادی رقوم کی تقسیم کا سلسلہ جاری

مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 23 جون2020ء) وزیر اعظم احساس کفالت پروگرام کے تحت امدادی رقوم کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے۔ تفصیل کے مطابق مظفرگڑھ کے نواحی قصبہ سنانواں کے بوائز ڈگری کالج میں قائم کئے گئے احساس کفالت سینٹر پر سارا دن عورتوں اور مردوں کا بے پناہ رش رہا، سائلان کے بیٹھنے کیلئے سایہ کا اور پینے کیلئے پانی کا کوئی بندوبست نہیں تھا، وہاں موجود سکینہ مائی،بھاگاں مائی خدیجہ مائی،غفوراں بی بی اور متعدد دیگر خواتین اور مردوں نے بتایا کہ کالج کے تین بلاک اقبال بلاک،انٹرمیڈئیٹ بلاک اور گریجوایٹ بلاک ہیں لیکن تینوں بلاکس کو تالے لگا کر بند کیا ہوا ہے، جس کی وجہ سے سائلان دھوپ میں بیٹھنے پر مجبور ہیں اگر مذکورہ بلاکس کھول دئیے جائیں تو سائلان وہاں سائے میں بیٹھ کر اپنی باری کا انتظار کر سکتے ہیں۔سینٹر پر موجود خواتین کے ہمراہ آئے ہوئے سعید،اللہ بخش،مراد علی اور دیگر شہریوں نے کورونا وائرس سے بچائو کے ایس او پیز پر عمل نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس سے کورونا وائرس کے پھیلائو کے خدشہ کا اظہار کیا۔ انہوں نے انتظامیہ سے احساس کفالت سینٹر پر سائے،پانی،بیٹھنے کیلئے نشستوں کا انتظام کرنے اور شہریوں کی حفاظت کیلئے کورونا ایس او پیز پر عمل کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔