مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 29 اکتوبر2019ء) ایپلیٹ اتھارٹی ڈی مارکیشن بلدیات ڈیرہ غازی خان ڈویژن و کمشنر مدثر ریاض ملک نے ضلع مظفرگڑھ کے نئے اور مجوزہ بلدیاتی اداروں میونسپل اور ٹاؤن کمیٹیوں کی حد بندی کے حوالے سے دائر اعتراضات اور اپیلوں کی سماعت کے فیصلے سنا دیئے، جس کے مطابق تحصیل مظفرگڑھ میں مجوزہ ٹاؤن کمیٹی رنگ پور اور ماہڑہ کو منظور نہیں کیا گیا اور انہیں ختم کردیا گیا ہے جبکہ تحصیل کوٹ ادو میں دو میونسپل کمیٹیاں کوٹ ادو اور چوک سرور شہید تحصیل مظفرگڑھ میں میونسپل کمیٹی مظفرگڑھ تحصیل جتوئی میں جتوئی اور تحصیل علی پور میں علی پور میونسپل کمیٹی بحال رکھی گئی ہیں، تحصیل کوٹ ادو میں احسان پور ‘ قصبہ گجرات محمودکوٹ ‘ سناواں اور دائرہ دین پناہ اور تحصیل مظفرگڑھ میں ٹاؤن کمیٹی خان گڑھ ‘ روہیلانوالی ‘ شاہ جمال ‘ بصیرہ اور خان پور شمالی ‘ تحصیل جتوئی میں ٹاؤن کمیٹی بیٹ میرہزار خان ‘ شہرسلطان اور جھگی والا اور تحصیل علی پور میں ٹاؤن کمیٹی سیت پور ‘ گھلواں اور خیر پور سادات کو منظور کیا گیا ہے۔
ابتدائی حلقہ بندیوں کے تحت مجوزہ میونسپل کمیٹی سنانواں ‘ دائرہ دین پناہ ‘ محمودکوٹ کو ٹاؤن کمیٹی کا درجہ دے کر حدبندی منظور کر لی گئی ہے۔ اپیلٹ اتھارٹی نے خان گڑھ ٹاؤن کمیٹی کو میونسپل کمیٹی کا درجہ دینے کی مقامی شہریوں رانا امجد علی امجد ایڈووکیٹ اور محمد اختر شاہین کی درخواستیں خارج کردیں اور نئی حد بندی میں موضع متوئی اور موضع رنگیل پور کو ٹاؤن کمیٹی کی حدبندی میں شامل کردیا ہے جبکہ ٹاؤن کمیٹی روہیلانوالی میں موضع بھنڈیوالی اور بستی سندیلہ کو شامل اور موضع مکھن بیلہ’ بستی جلال ‘ پونٹہ ملانہ اور بستی درگھ کو حدبندی سے خارج کردیا ہے، ٹاؤن کمیٹی شاہ جمال کی حد بندی میں موضع بستی عاربی’ بستی جڑھ اور چبھک پور کے بلاک آبادی نمبر 203’204’206 کو خارج اور موضع بستی لنڈا کو نئی حد بندی میں شامل کیا ہے۔میونسپل کمیٹی مظفرگڑھ کی حد بندی میں بلاک 208 موضع رام پور اور موضع غازی پور دستی کو نکال دیا گیا ہے جبکہ دیگر حدبندی سابقہ رکھی گئی ہے۔