مظفرگڑھ، علوینہ بی بی کانومولود بچہ برآمد کرنے کیلیئے اہل خانہ کے ہمراہ احتجاجی مظاہرہ

مظفرگڑھ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 10 جنوری2019ء) نواحی تھانہ رنگ پور کی حدود چک ہیبت میں علوینہ بی بی نے اپنا اغوا شدہ نومولود بچہ برآمد کرنے کیلیئے اہل خانہ کے ہمراہ احتجاجی مظاہرہ کیا۔ڈی پی او مظفرگڑھ اور آی جی پنجاب سے معاملے کا نوٹس لے کر بچے کی بازیابی کا مطالبہ۔علوینہ بی بی نے اہل خانہ کے ہمراہ احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ تقریباً ڈیڑھ ماہ قبل میں نے اپنے نومولود بچے کو ایک نجی ہسپتال میں جنم دیا جو پیدائش کے وقت صحت مند تھا۔بعدازاں میرے شوہر اور اسکے دو بھائیوں نے بچہ اغوا کرلیا اور کچھ دن تک مجھ سے جھوٹ بول کر ٹال مٹول کرتے رہے کہ بچہ صحت کی خرابی کے سبب ہم نے ایک ہسپتال میں داخل کروایا ہوا ہے،لیکن جب میں نے بچے سے ملنے کا اسرار کیا تو میرا شوہر محمد اسلم مار پیٹ پر اتر آیا اور بچے کے بارے میں کچھ بھی نہ بتایا کہ بچہ اس نے کہاں غائب کیا ہے،اور اس نے دہمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر بچے کے بارے میں اس نے کسی سے کچھ بھی کہا تو وہ اسے بھی جان سے مار دے گا۔علوینہ بی بی کا کہنا ہے کہ اسے شک ہے کہ اسکے شوہر نے اسکے نومولود بچے کو ماردیا ہے یا کہیں فروخت کردیا ہے۔