مظفرگڑھ، عقیدہ ختم نبوت اور مدارس دینیہ کو کسی سے کوئی خطرہ نہیں ہے، مولانا حافظ طاہر محمود اشرفی

مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 23 نومبر2019ء) عقیدہ ختم نبوت اور مدارس دینیہ کو کسی سے کوئی خطرہ نہیں ہے، علمائے کرام اور پاک فوج اس ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کے محافظ ہیں، پاکستان ہمارے اکابرین علامہ شبیر عثمانی اور علامہ ظفر عثمانی نے قائد اعظم محمد علی جناح کے ساتھ مل کے بنایا تھا، ہم آج بھی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو کہہ رہے ہیں کہ آپ حکم کریں پاک فوج سے پہلے مدارس دینیہ کے علماء اور طلبہ کشمیر کا محاذ لڑیں گے۔

ان خیالات کا اظہار چیئرمین پاکستان علماء کونسل و چیئرمین متحدہ علماء بورڈ پنجاب حضرت مولانا حافظ طاہر محمود اشرفی نے جامعہ احیاء العلوم عیدگاہ مظفرگڑھ میں علماء کے وفود سے ملاقات اور علماء مشائخ کنونشن وسندے والی میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اگر حکومت کے ساتھ چل رہے ہیں تو حکومت کے ہر اچھے کام کی حمایت اور ہر برے کام کی مخالفت کریں گے، یہ ملک ہمارے اکابرین نے بنایا تھا اور اس ملک کو ہم بچائیں گے۔