مظفرگڑھ، ضلع بھر کے تمام صنعتی ورکرز کی لیبر قوانین کے تحت رجسٹریشن کی جائے، ڈپٹی کمشنر

مظفرگڑھ ۔ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 31 دسمبر2019ء) ضلع بھر کے تمام صنعتی ورکرز کی لیبر قوانین کے تحت رجسٹریشن کی جائے اور سوشل سیکیورٹی کا ادارہ انھیں طبی سہولتیں فراہم کرے۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ انجینئر امجد شعیب خان ترین نے ضلعی نگران کمیٹی لیبر کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے محکمہ لیبر کے افسران اور اسسٹنٹ کمشنرز کو چائلڈ لیبر کے خلاف مہم تیز کرنے کا حکم بھی دیا۔انہوں نے کہا کہ چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے ان تمام بچوں کو سکولوں میں داخل کرانے کے لئے مہم جلد شروع کی جائے گی اور مستحق بچوں کو کتابیں اور یونیفارم بھی مفت فراہم کی جائے گی۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر غلام شبیر نے بتایا کہ ضلع میں واقع تمام اینٹوں کے بھٹہ جات اور کچھ دیگر اداروں میں کم اجرت دینے کی شکایات موصول ہوئی ہیں اور اس پر کارروائی جاری ہے۔لیبر کمیٹی کے ممبر ملک خیر محمد بدھ نے کہا کہ کارکنوں کو کم تنخواہ کی ادائیگی پر صنعتی یونٹوں اور پرائیویٹ سکولوں کے کارروائی کرنے کے علاوہ کمشنر معاوضہ جات کی عدالت میں کلیم بھی دائر کئے جائیں۔ اجلاس میں سوشل سیکیورٹی، سوشل ویلفیئر اور لیبر ڈیپارٹمنٹ کے افسران کے علاوہ بھٹہ جات کے مالکان، ٹریڈ یونین کے عہدیداران اور چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز نے بھی شرکت کی۔