مظفرگڑھ، صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لئے صحت مند ذہن کے ساتھ ساتھ صحت مند جسم بھی ضروری ہے، اے ڈی سیمظفرگڑھ، صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لئے صحت مند ذہن کے ساتھ ساتھ صحت مند جسم بھی ضروری ہے، اے ڈی سی

مظفرگڑھ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 26 فروری2020ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ جام آفتاب حسین نے کہا کہ صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لئے صحت مند ذہن کے ساتھ ساتھ ایک صحت مند جسم بھی ضروری ہے، اچھی اور معیاری تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ کھیل کے میدانوں کو آباد رکھنا بھی ضروری ہے، یہ بات انہوں نے گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج مظفرگڑھ میں جاری سپورٹس گالا کی تقریبات کے موقع پر کہی۔انہوں نے کہا کہ ایک صحت مند جسم ہی ایک صحت مند دماغ کا مالک ہوتا ہے،طلباء و طالبات کو تعلیم کے ساتھ ساتھ نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔ اس موقع پر پرنسپل پوسٹ گریجویٹ کالج رانا مسعود اختر نے اپنے خطاب میں بتایا کہ کالج ہذا میں 53ویں سالانہ سپورٹس گالا کی تقریبات جاری ہیں جس میں کالج کے طلباء بڑے جوش و خروش سے حصہ لے رہے ہیں، کالج ہذا کے طلباء قومی سطح پر متعدد کھیلوں میں حصہ لے چکے ہیں او راپنے کالج اور ضلع کا نام روشن کرچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سپورٹس گالا کے انعقاد کا مقصد طلباء وطالبات میں کھیلوں کی کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ سپورٹس گالہ میں کالج کے طلبا نے تمام کھیلوں میں بڑے جوش و خروش سے حصہ لیا۔ طلباء و طالبات نے پنجاب، سندھ، بلوچستان اور کشمیری ثقافت کے سٹال بھی لگائے ہوئے تھے جس میں طلباء وطالبات نے ثقافتی ملبوسات زب تن کئے ہوئے تھے، اس موقع پر ملک خیر محمد بدھ سمیت کالج کے پروفیسرز، لیکچرارزاور طلباء وطالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔ اختتامی تقریب میں صوبائی مشیر زراعت سردار عبدالحئی خان دستی مہمان خصوصی ہونگے۔