مظفر گڑھ ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 02 اپریل2019ء) تھانہ سیت پور کے علاقے میں نامعلوم ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے کانسٹیبل فاروق کی نماز جنازہ ان کے آبائی گاؤں بستی لنگاہ موضع مراد پور جنوبی علاقہ تھانہ خیرپور میں ادا کردی گئی، نماز جنازہ میں ایس پی انوسٹی گیشن محمد سجاد گجر، ڈی ایس پی علی پور آصف رشید، علی پور سرکل کے ایس ایچ، اوز، ایس ایچ او شہرسلطان عبدالشکور قیصرانی، پولیس افسران و ملازمان کی کثیر تعداد کے علاوہ سردار عاشق حسین خان گوپانگ سابق ایم این اے، سردار خضر حیات خان گوپانگ، سردار حافظ محمد عمر خان گوپانگ ضلعی چئیرمین مظفرگڑھ، مقامی معززین اور ہزاروں لوگوں نے شہید کے نماز جنازہ میں شرکت کی، شہید کی تدفین ان کے آبائی قبرستان مراد پور جنوبی میں کی گئی، شہید نے سوگواران میں بیوہ اور بیٹی جو کہ آٹھویں کلاس کی طالبہ ہے چھوڑی، ایس پی انوسٹی گیشن نے شہید کے رشتہ داروں سے ملاقات کی اور ان کے حوصلے اور ملک و قوم کی خاطر قربانی کا جذبہ دیکھ کر خراج تحسین پیش کیا۔شہید کانسٹیبل کی پہلی نماز جنازہ پولیس لائنز مظفرگڑھ میں ادا کی گئی جس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر غازی صلاح الدین پولیس کے اہلکاروں اور مظفرگڑھ کے شہریوں نے بھاری تعداد میں شرکت کی۔