مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 31 اکتوبر2019ء) مظفرگڑھ میں رشتہ نہ ملنے پر لڑکی اور ڈیڑھ سالہ بچے سمیت2 افراد پر تیزاب پھینکنے والی ملزمہ کو پولیس نے گرفتار کرلیا،لین دین کے تنازع پر خاتون اور اسکی 6 سالہ بچی پر پٹرول چھڑک کر آگ لگانے والے ملزم کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔
مظفرگڑھ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او مظفرگڑھ صادق علی ڈوگر کا کہنا تھا کہ تحصیل علی پور کے علاقے مڈوالا میں 28 اکتوبر کو عفراء نامی لڑکی،ڈیڑھ سالہ بچے اور بزرگ پر تیزاب سے بھرا جگ پھینک دیاگیا تھا،عفراء کا رشتہ نہ ملنے پر نسیم مائی نامی خاتون نے تینوں افراد پر تیزاب پھینکا تھا،ڈی پی او کا کہنا تھا کہ پولیس نے صرف 24 گھنٹوں کے اندر ملزمہ کو صوبہ سندھ سے گرفتار کرلیا ۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی پی او صادق علی ڈوگر کا مزید کہنا تھا کہ کوٹ ادو میں خاتون اور اسکی 6 سالہ بیٹی پر پٹرول چھڑک کر آگ لگانے والا ملزم بھی گرفتار کرلیا گیا۔ لین دین کے تنازع پر 29 اکتوبر کو زاہدہ پروین اور اسکی بیٹی کو آگ لگائی گئی تھی،ڈی پی او کی مطابق خاتون اور اسکی بیٹی کو جلانے والے ملزم کو بھی 24 گھنٹوں میں گرفتار کیا گیا۔ ملزمان کی گرفتاری کرنے والے افسران اور اہلکاروں کو تعریفی سرٹیفکیٹ اور انعامات دئیے جائیں گے۔