مظفرگڑھ، بیوی کا مبینہ قتل، متضاد بیانات پر شوہر گرفتار

مظفر گڑھ ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 11 مارچ2020ء) مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور میں تھانہ سٹی کی حدود میں بستی کانجن والا میں 8 ماہ قبل شادی ہونے والی دلہن کو اس کے شوہر سجاد حسین نے اپنی والدہ بھیراں مائی اور بھائی عدنان کے ساتھ مل کر مبینہ طور پر قتل کر دیا۔مبینہ مقتولہ شمسہ کنول کی والدہ نے تھانہ سٹی علی پور کی پولیس کی بتایا کہ وہ جب اپنی بیٹی کے فوت ہونے کی اطلاع پر اس کے گھر پہنچی تو عدنان نے اسے بتایا کہ شمسہ کنول کی موت کرنٹ لگنے سے ہوئی ہے اور شمسہ کنول کی ساس بھیراں مائی نے بتایا کہ شمسہ نے پنکھے کے ساتھ رسی باندھ کر لٹک کر خودکشی کی ہے۔اس نے کہا کہ ان کے متضاد بیانات کی وجہ سے اسے شک ہے کہ اس کی بیٹی شمسہ کنول کو ملزمان سجاد،عدنان اور بھیراں مائی نے قتل کیا ہے۔ پولیس تھانہ سٹی نے مبینہ مقتولہ کی والدہ عزرا بی بی کے بیان پر شوہر سجاد حسین کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا اور تفتیش شروع کر دی۔