مظفرگڑھ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 24 جنوری2019ء) ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن مظفرگڑھ نے بجلی،گیس کی لوڈشیڈنگ اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کیا، وکلاء نے عدالتوں کا بائیکاٹ کیا اور مقدمات کی پیروی نہیں کی، جس کی وجہ سے دوردراز علاقوں سے آئے ہوئے سائلین کو بہت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔بار کے صدر مہر محمد اعجاز ایڈووکیٹ بار کے سیکریٹری ظفر اقبال انصاری ایڈووکیٹ اور دیگر متعدد وکلاء نے کہا ھے کہ وہ گیس نہ ہونے کی وجہ سے صبح ناشتے کے بغیر کچہری آتے ہیں اور ان کے بچے بھی اسکول بھوکے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا سردیوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ حیران کن ہے بجلی اور گیس کے نہ ہونے سے زندگی اجیرن ہو گئی ہے۔ انہوں نے حکومت سے گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔