مظفرگڑھ،کچن گارڈننگ سے صاف ستھری ،بازار سے سستی معیاری سبزیاں حاصل ہوتی ہیں ، اسسٹنٹ کمشنر

مظفرگڑھ(مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 04 اکتوبر2021ء) اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ عابدہ فریدنے کہا ہے کہ کچن گارڈننگ سے نہ صرف صاف ستھری اور جراثیم سے پاک سبزیاں حاصل ہوتی ہیں بلکہ بازار سے سستی اور معیاری بھی ہوتی ہیں۔ یہ بات انہوں نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت  خانگڑھ کے دفتر کا اچانک معائنہ کرتیہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ جو سبزی ہم  بازار سے لیتے ہیں ان میں زیادہ تر سبزیاں سیوریج کے پانی سے تیار کی جاتی ہیں۔

جس میں آرسینگ جیسے خطرناک کیمیائی مادے موجود ہوتے ہیں جو سرطان سمیت یگر موذی امراض کا سبب بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری اور کاشتکار زراعت کے دفاتر سے مختلف سبزیوں کے پیکٹ خریدیں اور اپنے گھر وں میں ضرورت کے مطابق سبزیاں کاشت کریں۔ اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت طاہر محمود بھٹی نے کچن گارڈننگ، موسم سرما کے سبزیوں اور ان کی کاشت اور کچن سیڈ کٹس پر مکمل بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ عام شہری اور کاشتکار محکمہ زراعت کے کسی بھی دفتر سے موسم سرما کی سبزیوں کے بیج کے پیکٹ خرید سکتا ہے، ایک پیکٹ میں 7مختلف سبزیوں کے بیج ہوتے ہیں اور ہر پیکٹ کی قیمت صرف 100روپے ہے۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر عابدہ فرید نے زراعت کمپلیکس میں مورنگا کا پودا لگا کر شجر کاری مہم کا افتتاح کیااور کہا کہ شجر کاری وقت کی ضرورت ہے، موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے ہماری روزمرہ کی زندگی پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں زیاد ہ سے زیادہ شجر کاری سے ہی موسمیاتی تبدیلی سے بچا جاسکتا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے شہریوں اور کاشتکاروں میں سبزیوں کے بیج کے پیکٹ بھی تقسیم کئے۔