مظفرگڑھ(مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 07 ستمبر2021ء) خاتون سب انسپکٹر کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ کےمطابق سب انسپکٹر پر تشدد ثابت ہوا ہے۔ رپورٹ میں زیادتی کےمعاملےکی تصدیق کےلئےنمونے فرانزک ٹیسٹ کے لئے بھجوانے کی سفارش کی گئی ہے،کیس میں گرفتار ملزم 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ خاتون جینڈر کرائم آفیسر لیڈی سب انسپکٹر تہمینہ ظفر راو کو ملزم کاشف اسلام نے ہفتے کی شب مبینہ طور پر تھانہ صدر مظفرگڑھ کے سامنے سے گن پوائنٹ پر اغوا کرکے چمن بائی پاس کے قریب ایک باغ میں لے جا کر تشدد اور زیادتی کا نشانہ بنایا تھا،ابتدائی میڈیکل رپورٹ کے مطابق خاتون پر تشدد ثابت ہو گیا ہے اس کے ماتھے،ہونٹوں اور ہاتھوں پر زخموں کے نشانات پائے گئے ہیں،متاثرہ خاتون سب انسپکٹر 5 ماہ کی حاملہ ہے،زیادتی کی تصدیق کےلئے نمونے فرانزک ٹیسٹ کےلئے بھیجنے کی سفارش کی گئی ہے۔
ملزم کاشف اسلام کو گزشتہ روز علاقہ میجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا، وکلا کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے ملزم کو 4 دن کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔