مظفرگڑھ،عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنانے کیلئے عملی اقدامات کئے جارہے ہیں،ڈپٹی کمشنر

مظفرگڑھ ۔ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 22 اگست2020ء) ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین نے کہا ہے کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنانے کیلئے عملی اقدامات کئے جارہے ہیں،صحت و تعلیم کی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور عوامی مسائل کو فوی حل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ یہ بات انہوں نے کلر والی میں واٹر فلٹر پلانٹ کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ پانی انسانی زندگی کی بنیادی ضرورت ہے مختلف وجوہات کی بنا پر زیر زمین پانی خراب ہوچکا ہے جو مختلف بیماری کی وجہ بنتا ہے، اس لئے ضروری ہے کہ پانی کو ابال کر یا فلٹر کرکے استعمال کیاجائے تاکہ بیماریوں سے محفوظ رہا جائے۔ انہوں نے کہا کہ واٹر فلٹر کی تنصیب کے ساتھ ضروری ہے کہ اس کی صفائی ستھرائی کا مسلسل خیال رکھا جائے۔

وقت پر اس کے فلٹر تبدیل کئے جائیں کوئی آلہ یا مشینری خراب ہوتو فوری مرمت کرایا جائے اور اس کی مکمل نگہداشت کی جائے تاکہ علاقہ کی عوام اس سے مسلسل مستفید ہو سکے۔ اس موقع پر قاری عبدالغنی ثاقب اور ڈاکٹر محمد داؤد میاں سمیت معززین علاقہ بھی موجود تھے۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین نے تحصیل آفس مظفرگڑھ میں محکمہ ریونیو سے متعلق عوامی مسائل کے حل کے لئے لگائے گئے خصوصی کاوئنٹر کا بھی معائنہ کیا۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عمران شمس، اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ رانا محمد شعیب، تحصیلدار صاحبزادہ ظفر سمیت ریونیو سٹاف بھی موجود تھا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ریونیو سے متعلق عوامی مسائل کو فوری حل کیا جائے، آنے والے تمام سائلین کے مسائل کو ایک ہی دن میں حل کیا جائے تاکہ اس کو دوبارہ نہ آنا پڑے تاکہ لگائے گئے خصوصی کاؤنٹر کے مقاصد حاصل ہوں اور عوام کو ریلیف ملے۔
انہوں نے کہا کہ زیر التواء رجسٹریوں اور انتقالات کو ترجیح بنیادوں پر درج کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کا فوری حل نہ صرف ہمارے سرکاری فرائض میں شامل ہے بلکہ کہ خدمت خلق بھی ہے، اللہ کی خوشنودی عوام کی خوشنودی میں ہی ہے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے سائلین کے مسائل بھی سنے اور ان کے فوری حل کیلئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی۔