مظفرگڑھ،سردیوں کی چھٹیوں کے نوٹیفیکیشن کی خلاف ورزی پر 16 اسکولوں کو نوٹس جاری

مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 25 دسمبر2019ء) سردیوں کی چھٹیوں میں کھلے رہنے والے اسکولوں کے خلاف ضلعی انتظامیہ حرکت میں آ گئی 16 اسکولوں کو نوٹس جاری کر دیے گئے۔تفصیل کے مطابق عوامی شکایات پر ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ امجد شعیب ترین نے پنجاب حکومت کے سردیوں کی چھٹیوں کے نوٹیفیکیشن کی خلاف ورزی کرکے کھلے رہنے والے پرائیویٹ اور پیف سے رجسٹرڈ اسکولوں کے خلاف کارروائی کیلئے سی ای او تعلیم مسعود ندیم کو ہدایت کر دی ہے۔سی ای او تعلیم مسعود ندیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اتنی سخت سردی میں اسکول کھولنے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم پرائیویٹ اور پیف کے ان تمام اسکولوں کے خلاف کارروائی کرے گا، جو پنجاب حکومت کے سردیوں کی چھٹیوں کے نوٹیفیکیشن کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ایسے 16 اسکولوں کو نوٹس بھجوائے ہیں اور ان کا جواب آنے پر ان پر جرمانے اور ان کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کی سزا دی جا سکتی ہے۔