مظفرگڑھ(مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 18 مارچ2022ء) رورل ہیلتھ سنٹر ہسپتال کی اپ گریڈیشن، وفاقی وزیر مملکت ڈاکٹر میاں شبیر علی قریشی نے افتتاح کیا۔تحریک انصاف کے مرکزی راہنما اور وزیر مملکت برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر میاں شبیر علی قریشی نے رورل ہیلتھ سنٹر ہسپتال دائرہ دین پناہ کی 90 ملین روپے کی لاگت سے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال لیول کی اپ گریڈیشن کے منصوبہ کا افتتاح کیا۔
انہوں نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل آخری مراحل میں ہے۔گذشتہ ادوار میں صرف جھوٹے وعدے کئے جاتے رہےکسی سیاسی جماعت کسی حکومت اور کسی سیاستدان نے عوام کی تکالیف دور کرنے اور انہیں ریلیف فراہم کرنے کےلئے کچھ نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ تحصیل کوٹ ادو اور دائرہ دین پناہ کی باشعور عوام دیکھ رہی ہے کہ گزشتہ 30 برسوں میں پہلی مرتبہ صرف عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت عوام سے کئے گئے وعدے پورے کر رہی ہے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کےلئے خطیر رقوم سے منصوبہ جات مکمل کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی بہترین کارکردگی کی وجہ سے اپوزیشن سیاسی میدان میں تو مقابلہ نہیں کر سکی اس لئے تحریک انصاف کی حکومت کے خاتمہ کےلئے غیر جمہوری ہتھکنڈوں اور سازشوں پر اتر آئی ہے لیکن انہیں منہ کی کھانی پڑے گی شکست ان کا مقدر ہے پاکستان کی باشعور عوام ہمیشہ کی طرح عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے۔