مظفرگڑھ،دو موٹرسائیکلوں اور ٹرک کے درمیان تصادم،2 افراد جاں بحق،3 زخمی

مظفرگڑھ(مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 16 دسمبر2022ء) مظفرگڑھ شہر کے نواحی علاقے مرادآباد میں ٹرک اور 2 موٹربائیکس کے درمیان تصادم میں 2 افراد جاں بحق، دو بھائیوں سمیت 3 افراد شدید زخمی ہوگئے۔

مظفرگڑھ جھنگ روڈ پر مظفرگڑھ شہر کے نواحی علاقے مرادآباد میں پٹرول پمپ کے نزدیک 2 موٹرسائیکل تیزرفتاری کی وجہ سے بے قابو ہو کر سامنے سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئے،تصادم کے نتیجے میں بھٹہ پور مظفرگڑھ کا رہائشی 45 سالہ محمد حنیف ولد حاجی محمد اور علی پور شمالی کا رہائشی 60 سالہ محمد صادق ولد خدا بخش موقع پر جاں بحق ہو گئےجبکہ بھٹہ پور مظفرگڑھ کا رہائشی اکبر ولد پیربخش،علی پور شمالی کے رہائشی 2 بھائی محمد سعید ولد محمد شریف اور 37 سالہ عبدالحمید ولد محمد شریف سخت زخمی ہو گئے۔

اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کنٹرول روم نے فوراً نزدیکی پوائنٹ Puma پمپ اور سنٹرل اسٹیشن مظفرگڑھ سے دو ایمبولینسز کو جائے حادثہ پر روانہ کروا دیا اور پولیس کنٹرول کو بھی انفارم کردیا۔تین زخمیوں کو ریسکیو سٹاف نے پیشہ وارانہ مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور مزید علاج معالجہ کےلیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال مظفرگڑھ منتقل کردیا ہے۔