مظفرگڑھ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 05 جنوری2019ء) مظفرگڑھ میں دو معصوم بچیوں کو اغوا کرکے زیادتی کا افسوسناک واقعہ، تھانہ سٹی مظفرگڑھ پولیس نے مقدمہ درج کرکے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا، متاثرہ خانہ بدوش خاندان کا پولیس پر انصاف فراہم نہ کرنے اور ملزمان کی طرف سے سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کا الزام۔ تفصیلات کے مطابق شہر کی نواحی بستی بھٹہ پور میں جھگیوں میں رہائش پذیر خانہ بدوش خاندان کی دو معصوم بچیوں 12 سالہ گڑیا اور 5 سالہ پونم کو متاثرہ لڑکیوں کے مطابق اللہ دتہ اور یاسین دیگر دو ساتھیوں کے ہمراہ گھر پہنچانے کا جھانسہ دے کر آموں کے باغ میں واقع ایک مکان میں لے گئے اور انہیں زبردستی نشہ آور گولیاں کھلا کر ان کے ساتھ زیادتی کے مرتکب ہوئے ۔پولیس نے متاثرہ لڑکیوں کے بیان پر 4 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے 2 افراد کو گرفتار کر لیا ہے ،جبکہ لڑکیوں کے والدین کا کہنا ہے کہ پولیس مرکزی ملزم کو گرفتار کرنے سے گریز کر رہی ہے اور انہں انصاف نہیں مل رہا انہوں نے مزید کہا کہ ملزمان کی طرف سے انہیں دھمکیاں مل رہی ہیں اور اگر انہیں انصاف فراہم نہ کیا گیا تو ان کے خاندان کے سب افراد اجتماعی خود سوزی کر لیں گے، جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس نے 4 نامزد ملزمان میں سے 2 کو گرفتار کر لیا ہے اور باقی 2 ملزمان کو بھی جلد ہی گرفتار کر لیا جائے گا اور متاثرہ خاندان کو جلد اور مکمل انصاف فراہم کیا جائے گا۔