مظفرگڑھ،ایک خاتون سمیت 3 ملزمان پر نوجوان کے اغوا ءاور تشدد کا مقدمہ درج

مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 26 اکتوبر2022ء) کوٹ ادو میں نوجوان کو اغواء کے بعد بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا،اس کے منہ پر گندگی انڈیلی گئی۔ایف آئی آر کے مطابق کوٹ ادو کے علاقے موضع چوہدری میں منصور نامی نوجوان کو اغواء کرنے کے بعد بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنادیا گیا۔پولیس کے مطابق متاثرہ نوجوان کے سر کے بال،داڑھی،مونچھیں اور بھنویں بھی کاٹ دی گئیں۔

متاثرہ نوجوان کے مطابق ذوالقرنین اور اشفاق اسے بخاری روڈ سے زبردستی اٹھا کر اپنے گھر لے گئے جہاں روبینہ بی بی بھی موجود تھی،وہ وہاں اسکے چہرے پر گندگی انڈیلتے رہے اور تشدد کے دوران اسکی نازیبا برہنہ ویڈیو بھی بناتے رہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان کو شبہ تھا کہ متاثرہ نوجوان منصور کے انکے خاندان کی خاتون کے ساتھ تعلقات ہیں،متاثرہ نوجوان کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔پولیس ترجمان کے مطابق واقعے کا مقدمہ متاثرہ نوجوان کے بھائی توکل بخاری کی مدعیت میں تھانہ سٹی کوٹ ادو میں درج کرکے مرکزی ملزم ذوالقرنین کو گرفتار کرلیا گیاہے۔