مصروف شاہرات پر حادثات کی شرح کو کم کرنے کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا،ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ

مظفر گڑھ ۔ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 03 دسمبر2019ء) ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ انجینئر امجد شعیب خان ترین نے کہا ہے کہ مصروف شاہرات پر حادثات کی شرح کو کم کرنے کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا، ابتدائی طور پر شاہرات پر عوام کی آگاہی اور معلومات کیلئے سائن بورڈ لگائے جائیں گے، جبکہ ثانوی سطح پر حادثات کی مکمل روک تھام کیلئے ٹریفک انجینئرنگ کی جائے گی، پالیسی بنائے جائے گی، متبادل راستے بنائے جائیں گے، عوام کی تکلیف کا کم کیا جائے گا اور ان کے لئے آسانیاں پیدا کی جائیں گی، یہ سب انسانیت کا معاملہ ہے میٹنگ اور کمیٹی کے چکر سے نکل کر عملی اقدمات کئے جائیں گے، ریسکیو 1122کے دفتر میں ڈسٹرکٹ ایمر جنسی بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی، ہائی وے اور میونسپل کارپوریشن حکام کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے شاہرات کو وزٹ کریں اور ایسی جگہ کی نشاندہی کریں جوحادثات کو سبب بنتی ہیں، انہوں نے کہا کہ سٹرکوں پر کٹ لگانا اور گڑھا کرنا جرم ہے ایسا کرنے والوں کے خلاف کاروائی کی جائے، انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ایک ہفتہ کے اندر مکمل رپورٹ اور اس کو حل پیش کریں اور 15دن میں اس پر عملدرآمد شروع کیا جائے، قبل ازیں ڈسٹرکٹ آفیسر ریسکیو1122ڈاکٹر ارشاد الحق نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے 264اہلکار، 22ایمبولینس،4فائر وہیکل،35کشتیوں سمیت ایک ریسکیووہیکل موجود ہے۔

ریسکیو 1122کی سہولت مظفرگڑھ سمیت تحصیل علی پور اور شہر سلطان میں موجود ہے، جبکہ تحصیل جتوئی اور کوٹ ادو میں کام جاری ہے، انہوں نے بتایا کہ گذشتہ 5سالوں کے دوران 1لاکھ 28ہزار270ایمرجنسی سہولت فراہم کی گئیں جس میں 31ہزار835روڈ حادثات کی واقعات شامل ہیں، انہوں نے بتایا کہ ضلع میں 9مقامات ایسے ہیں جہاں حادثات کی شرح زیادہ ہے اور 434افراد موت کا شکار بن چکے ہیں، اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس جام آفتاب، اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ رانا محمد شعیب، سی او میونسپل کارپوریشن مظفرگڑھ سلیم عامر، ڈی ایس پی ٹریفک محمد اشرف، ایکسین ہائی وے اکبر درانی او رانسپکٹر این ایچ اے محمد نذیر سمیت ریسکیو افسران نے شرکت کی۔