مسیحی برادری کو پورا تحفظ اور دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں،ڈی پی او مظفرگڑھ

مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 25 دسمبر2019ء) ضلع بھر میں مسیح برادری کرسمس کے تہوار کو مذہبی جوش و جذبے سے منا رہی ہے، جبکہ سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ڈی پی او مظفرگڑھ ندیم عباس اور ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ انجینئر امجد شعیب خان ترین خود موقع پر جا کر انتظامات چیک اور مسیحی برادری کے راہنماؤں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ضلع بھر میں 20 چرچز پر کرسمس کے حوالے سے تقاریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔سیکیورٹی کے حوالے سے 3 چرچز کو انتہائی حساس جبکہ 17 چرچز کو بی کیٹگری میں رکھا گیا ہے، 500 سے زائد پولیس کے ملازمین سیکیورٹی ڈیوٹی کیلئے تعینات کیے گئے ہیں، جن میں ضلع پولیس کے ساتھ ساتھ ٹریفک پولیس، ایلیٹ پولیس، لیڈیز پولیس اور مقامی رضاکاران بھی ان کے ساتھ شریک ہیں، ڈی پی او مظفرگڑھ خود ان تمام انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔

اس حوالے سے ڈی پی او ندیم عباس کا کہنا تھا ضلعی انتظامیہ اور پولیس مسیحی برادری کی خوشیوں میں اضافے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہیں اور ان کو پورا تحفظ اور دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ان کاکہنا تھا کہ وہ ڈپٹی کمشنر صاحب کے ساتھ ملکر چرچز پر جا کر مسیح برادری کی خوشیوں میں شریک ہیں اور سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کو خود موقع پر جا کر چیک کررہے ہیں، ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ اور ڈی پی او مظفرگڑھ نے چو ک سرور شہید کے علاقے مسیحی برادری کے ساتھ ملکر کرسمس کے حوالے سے کیک بھی کاٹا۔ تقریب کے دوران ایس ڈی پی او کوٹ ادو اعجاز حسین بخاری اور ایس ایچ او چوک سرور شہید چوہدری جاوید اختر بھی موجود تھے۔