محکمہ ریونیو سے متعلق عوامی مسائل کے حل کیلئے کھلی کچہری کا انعقاد

مظفر گڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ یکم اپریل 2021ء) حکومت پنجاب کی ہدایت کی مطابق ضلعی ہیڈ کوارٹرمظفرگڑھ کے تحصیل آفس میں محکمہ ریونیو سے متعلق عوامی مسائل کے حل کے لئے ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ انجینئر امجد شعیب خان ترین نے کھلی کچہری لگائی جس میں ضلعی بھر کی عوام کے محکمہ ریونیو کے مسائل کو سنا گیا۔ کھلی کچہری میں ریکارڈ کی درستگی، فرد ملکیت کا اجراء، انتقالات کااندراج، زمین کی تقسیم، رجسٹری و دیگر مسائل کو سنا گیا او ران کے فوری حل کیلئے احکامات جاری کئے گئے۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عمران شمس، اسسٹنٹ کمشنر رانا محمد شعیب، تحصیلدارارشاد لاشاریسمیت سب رجسٹرار، قانونگو، پٹواری اور عملہ اراضی ریکارڈ سنٹر بھی موجود تھا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ریونیو سے متعلقہ عوامی مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے ،سائل کو دفاتر کے چکر نہ لگوائیں۔

ریکارڈ کی درستگی، ریکارڈکی فراہمی، شجرہ کی تکمیل و دیگر سرکاری ریکارڈ کو مرتب کرنااور فراہم کرنا   ریونیو عملے کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پٹواریوں، قانونگو اور دیگر عملے کو اس سلسلے میں اگر کوئی دشواری ہے تو ان کے نوٹس میں لایا جائے تاکہ اس کا حل نکالاجائے نہ کہ عوام و سائلین کوپریشان کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آج آنے والے تمام سائلین کے مسائل آج ہی حل کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ریونیو سے بد عنوانی کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ علاوہ ازیں ضلع مظفرگڑھ کی دیگر تحصیلوں، تحصیل کوٹ ادو، تحصیل علی پور اور تحصیل جتوئی میں بھی متعلقہ اسسٹنٹ کمشنران کی سربراہی میں تحصیل آفس میں بھی کھلی کچہری لگائی گئیں اور محکمہ ریونیو سے متعلق عوامی مسائل سنے گئے اور ان کے فوری حل کیلئے احکامات جاری کئے گئے۔