محسن نقوی کی بطوروزیر اعلی پنجاب تقرری سے عوام کو ریلیف ملے گا،ڈویژنل صدر پی پی پی میرآصف

مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 24 جنوری2023ء) پاکستان پیپلز پارٹی ڈیرہ غازیخان ڈویژن کے صدر میر آصف خان دستی نے کہا کہ محسن نقوی کی بطور وزیر اعلی پنجاب تقرری سے عوام کو ریلیف ملے گا،وہ عوام کے مسائل کو سمجھتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوٹ ادو بار میں پیپلز لائرز فورم کے امیدوار، نو منتخب صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کوٹ ادو حسنین رضا ایڈووکیٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے کیا۔

ڈویژنل صدر پاکستان پیپلز پارٹی ڈیرہ غازیخان ڈویژن میر آصف خان دستی نے الیکشن کمیشن کی طرف سے صاحبزادہ سید محسن رضا نقوی کو بطور وزیر اعلی نامزد کرنے اور ان کے حلف لے کر اپنے عہدے کا چارج لینے کو انتہائی خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ عوام کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں انکی تقرری سے پنجاب کے عوام کو ریلیف ملے گا انھوں نے نو منتخب وزیر اعلی اور ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ عوام کوآٹا کی فراہمی کے لیے سستے آٹے کے زیادہ مراکز قائم کریں اور ہر ریٹیلر تک سستا آٹا پہنچائیں اور سب سے زیادہ سبسڈی آٹے پر دیں، اس ضمن میں ضلعی انتظامیہ مزید موثر اقدامات کرے ورنہ وہ عوام کے ساتھ مل کر احتجاج کریں گے انھیں کسی صورت قبول نہیں کہ سینکڑوں مرد وزن لائنوں میں کھڑے رہیں چند افراد کو آٹا ملے اور باقی مایوس واپس لوٹ جائیں۔

انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب کا بھی دورہ کیا اور مختلف مقامات پر لوگوں سے ملاقات کے دوران مرد حر آصف علی زرداری اور چیرمین بلاول بھٹو کی طرف سے اس عزم کا اظہار کیا کہ جنوبی پنجاب کو پی پی پی کا قلعہ بنایا جائے گا اور آئندہ الیکشن میں پیپلز پارٹی مخلوط حکومت کے تعاون سے اپنا وزیراعظم چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو بنائے گی جو اپنی صلاحیتوں اور محنت سے پاکستان کے دوسرے ملکوں کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے ساتھ ملک کو معاشی طور پر بھی مضبوط بنائیں گے اور بیروزگاری کے خاتمے کےلئے بہترین پالیسیاں بنا کر میگا پراجیکٹس شروع کئے جائیں گے، میر آصف خان دستی نے بتایا کہ کہ الیکشن سے پہلے بلاول بھٹو زرداری کے جنوبی پنجاب میں جلسوں کا شیڈول بنایا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ نظریاتی، اہل،اور جیالے لوگوں کو پی پی پی کا ٹکٹ دیا جائے گا۔