لائیو سٹاک میں خود کفیل قوم کبھی غریب نہیں ہوسکتی ،ڈی سی اوسیف انورجپہ

مظفر گڑھ۔8 فروری(مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 08 فروری2017ء) ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ سیف انور جپہ نے کہا ہے کہ لائیو سٹاک میں خود کفیل قوم کبھی غریب نہیں ہوسکتی، حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق محکمہ لائیو سٹاک کی سہولیات لائیو سٹاک فارمرز کے گھروں تک پہنچائی جائیں گی تاکہ جانوروں کو بیماریوں سے بچایا جاسکے اور ان کا علاج بروقت ہو سکے۔یہ بات انہوں نے محکمہ لائیو سٹاک مظفرگڑھ کے عملہ میں موٹر سائیکلیں تقسیم کرنے کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی،اس موقع پر چیئر مین ضلع کونسل مظفرگڑھ سردار عمر خان گوپانگ بھی موجود تھے، ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ لائیو سٹاک کی ترقی سے ہماری معیشت بھی مضبوط ہوگی ، معیشت مضبوط ہونے سے ملک ترقی کرے گا اور عوام کا معیار زندگی بھی بلند ہوگا۔انہوں نے کہا کہ لائیوسٹاک کے عملے کو موٹر سائیکلیں فراہم کرنا حکومت پنجاب کا ایک احسن اقدام ہے جو قابل ستائش ہے، ان کے استعمال سے اب ہر آفیسر اور اہلکار لائیو سٹاک فارمزز تک آسانی سے پہنچ سکیں گے۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر محمد آصف جاہ نے بتایا کہ لائیو سٹاک میں ضلع مظفرگڑھ صوبہ بھر میں اول نمبر پر ہے ، لائیو سٹاک کے 358ملازمین کو موٹر سائیکلیں فراہم کردی گئی ہیں، خواتین افسران کو گاڑیاں فراہم کی جائیں گی،اب ضلع میں تمام لائیوسٹاک فارمز کو ان کے گھروں تک رات 12بجے بھی سہولت فراہم کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کے غربت مکائو پروگرام کے تحت اب تک غریب او رمستحق خواتین میں 400بڑے جانور اور600چھوٹے جانور تقسیم کئے جاچکے ہیں، بعد ازاں ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ اور چیئر مین ضلع کونسل سردار عمر خان گوپانگ نے ملازمین میں موٹر سائیکلیں تقسیم کیں۔