لائیوسٹاک پروڈکشن کے حوالے سے مظفرگڑھ پنجاب کا سب سے بڑا ضلع ہے‘ محمد آصف جاہ

مظفرگڑھ ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 22 اکتوبر2016ء) ڈسٹرکٹ لائیو سٹاک آفیسر محمد آصف جاہ نے کہا ہے کہ مظفرگڑھ میں 17لاکھ بڑے جانور اور 13لاکھ بھیٹربکریاں ہیں اور لائیوسٹاک پروڈکشن کے حوالے سے مظفرگڑھ پنجاب کا سب سے بڑا ضلع ہے اور دودھ کی پیداوار کے لحاظ سے اس کا تیسرا نمبر ہے اور اس ضلع میں ساہیوال نسل کے جانور پنجاب بھر میں سب سے زیادہ پائے جاتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دودھ کانفرنس کے موقع پر خطا ب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے دودھ کانفرنس کے انعقاد کے اغراض ِو مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔تقریب میں ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت مہر عابد حسین ٬ ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر لائیوسٹاک کوٹ ادو ڈاکٹر عبدالحمید ٬ ڈاکٹر زرتاشیہ نذیر ٬ ڈاکٹر اللہ ڈتہ چائیلڈسپیشلسٹ مظفرگڑھ نے شرکا ء کو دودھ میں ملاوٹ اور اُس کے نقصانات کے بارے میں تفصیلی آگاہی دی۔آخر میں ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈیرہ غازی خان ڈویثرن ڈاکٹر اشرف انجم اور سیکریٹری لائیوسٹاک کے نمائندہ خصوصی ڈاکٹر منیر احمد شامی ڈائریکٹرلائیوسٹاک فیصل آباد ڈویثرن نے شرکاء تک محکمہ کا پیغام پہچایا اور بتایا کہ کانفرنس کی تما م سفارشات سیکریٹری لائیوسٹاک تک پہنچا دی جائیں گی ۔ دودھ کانفرنس میں ڈاکٹر منیر احمد شامی نے محکمہ کی مختلف سکیموں کے بارے میں شرکاء کو تفصیلاً بتایا۔ان سکیموں میں نمایاں طور پر کٹا پال اور کٹا بچائو سیکم ہے جس کے تحت گزشتہ سال ڈسٹرکٹ میں 32لاکھ روپے کی رقم کسانوں میں تقسیم کی گئی اور یہ سکیم جاری ہے ۔ غربت مکائو سکیم کے تحت گزشتہ سال غر یب اور بیوہ خواتین میں جانور مفت تقسیم کئے گئے تھے اور اس سال بھی نومبر کے تیسرے ہفتہ میں جانور تقسیم کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ محکمہ غریب فامرز کیلئے بے شمار مرعات اور سکیمیں متعارف کروا رہا ہے جن میں پولٹری یونٹ کی تقسیم ٬ شُتر مرغ پال سکیم ٬ بطخ پال سکیم ٬ نرسانڈ فراہمی کی سکیم وغیرہ شامل ہیں۔ دودھ کانفرنس میں تمام طبقات زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔