عوام کے مسائل کا فوری حل ان کی اولین ترجیح ہے،ڈپٹی کمشنرمظفرگڑھ

مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 21 نومبر2019ء) ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا کہ کمپیوٹرائزڈ ریونیو لینڈ ریکارڈ سنٹر مظفرگڑھ سمیت ضلع کے تمام سنٹرز میں سٹاف کی ہڑتال کی بنا پر تربیت یافتہ پٹواریوں کو تعینات کردیا ،تاہم پاس ورڈ نہ ہونے کے باعث کمپیوٹرز آن لائن نہ ہو سکے،جس کی وجہ سے سنٹرز عملاً بند رہے،جبکہ سنٹرز پر آنے والے سائلین کو پیر سے معاملات کے درست ہونے کی نوید سنائی جاتی رہی .ضلعی انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق تعینات کردہ تمام پٹواری منیجمنٹ اینڈ پروفیشنل ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ (ایم پی ڈی ڈی)سے تربیت یافتہ ہیں اور سنٹر سے متعلقہ تمام امورکو نہ صرف سمجھتے ہیں بلکہ ان امور میں ماہر بھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام پٹواری متعلقہ انچارج سنٹر اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈکی معاونت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل کا فوری حل ان کی اولین ترجیح ہے۔ سنٹر میں کام کرنے والے سٹاف کی ہڑتال کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا تھا، اعلیٰ حکام کی ہدایت پر سنٹر کے کام کو جاری رکھنے کیلئے پٹواریوں کو تعینات کیا گیا ہے۔ انہوں نے سنٹر میں تعینات پٹواریوں کو بھی ہدایت کی کہ وہ سنٹر سے متعلقہ تمام امور کو دیانتداری اور ایمانداری سے سرانجام دیں اور عوام کو فی الفور ریلیف فراہم کیا جائے۔