مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 15 اکتوبر2019ء) دور دراز علاقوں کی عوام کو فور ی او رسستا انصاف ان کے گھر کی دہلیز پر پہنچانے کیلئے وفاقی محتسب اہم کردار ادا کررہا ہے، وفاقی محکموں سے متعلق شکایات ہر بغیر کسی وکیل اور بغیر کسی فیس کے انصاف فراہم کیا جاتا ہے یہ بات ایڈوائزر وفاقی محتسب چوہدری عبدالحمید نے مظفرگڑھ کے ضلعی آفس میں وفاقی محکمہ جات سے متعلق عوام شکایات کی سماعت کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ ضلعی سطح پر درج شکایات کا دونو ں فریقین سے دلائل سن کر 30دن کے اندر فیصلہ کیا جاتا ہے، ریجنل آفس میں 60دن کے اندر فیصلہ کیا جاتا ہے، انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں 80سے زائد ایڈوائزر وفاقی محتسب کام کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ایڈوائزر وفاقی محتسب کے فیصلے پر فوری عملدرآمد کو یقینی بنایا جاتا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ عوام میں وفاقی محتسب سے متعلق آگاہی کی ضرورت ہے تاکہ عوام اپنے مسائل و شکایات کا فوری اور سستا انصاف کیلئے وفاقی محتسب سے رابطہ کرسکے، انہوں نے کہا کہ اگر کسی فرد کو وفاقی محکمہ جات جس میں واپڈا، سوئی گیس، نادرا، محکمہ ڈاک، ریلوے و دیگر محکمہ جات شامل ہیں سے شکایات ہو تو وہ سادہ کاغذپر ضلع میں قائم دفتر میں اپنے درخواست دے سکتا ہے، تمام درخواست آن لائن کی جاتی ہے اور متعلقہ محکموں سے جواب طلب کیا جاتا ہے اور 30د ن کے اندر فیصلے کو یقینی بنایا جاتا ہے، انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال 2018میں وفاقی محتسب کو 70ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں جن کا فوری ازالہ کیا گیا، اس موقع پر انہوں ے واپڈا سے متعلقہ 13درخواستوں و شکایات کی سماعت کی او ر سائلین کی شکایات کے ازالے کیلئے مناسب احکامات صادر کئے۔