عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کرنا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے،ڈپٹی کمشنر

مظفر گڑھ۔9 فروری(مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 09 فروری2017ء) عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کرنا وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے ، یہ بات ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے قصبہ بصیرہ اور خانگڑھ میں دیہی مراکز صحت کا اچانک معائنہ کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ عوام کو صحت کی سہولیات کی عدم فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، اس سلسلے میں کوئی سستی یا کوتاہی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی، ڈیوٹی سے غیر حاضر ڈاکٹراور عملے کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، اس موقع پر انہوںنے ڈیوٹی پر موجود میڈیکل آفیسرز کو ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں صفائی ستھرائی کے عمل کو یقینی بنایا جائے ، ہسپتال میں آنے والے مریضوں بالخصوص رات کے وقت ایمر جنسی میں آنے والے مریضوں کو ترجیح بنیادوں پر میڈیکل کی سہولیات فراہم کی جائیں، تمام ادویات کی ہسپتال سے مفت فراہمی کو یقینی بنایا جائے، انہوںنے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا بھی معائنہ کیا اور ریکارڈ کی پڑتال کی، ہسپتال میں داخل مریضوں سے بات کرتے ہوئے ان سے ہسپتال میں فراہم کردہ سہولیات کے بارے میں بھی دریافت کیا۔