عوام الناس کی شکایات کے فوری ازالے کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے،کنسلٹنٹ محتسب پنجاب

مظفرگڑہ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 23 فروری2023ء) کنسلٹنٹ محتسب پنجاب مظفرگڑھ راؤ محمد سلیم نے کہا ہے کہ صوبائیمحتسب پنجاب کی ہدایت کی روشنی میں محکموں کے خلاف عوام الناس کی شکایات کے فوری ازالے اور ان کی داد رسی کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گذشتہ دنوں مرحوم رحیم بخش کی بیوہ بیٹی نے درخواست دی کہ پینشن قوانین کے مطابق مرحوم ریٹائرڈسرکاری ملازم کی پینشن پر بیوہ بیٹی کا حق بنتا ہے لیکن گیارہ سال سے وہ اس حق سے محروم ہے۔

 

کنسلٹنٹ محتسب پنجاب مظفرگڑھ راؤ محمد سلیم نے بتایا کہ معاملے کو میرٹ پر دیکھا گیا اور درخواست گزار کو ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس مظفرگڑھ سے گیارہ سال بعد ماہانہ پینشن منظور کرائی گئی اور پینشن کے گیارہ سال کے بقایا جات مبلغ14لاکھ 68ہزار726روپے بیوہ بیٹی کو اداکرادئیے گئے ہیں۔