عوامی شکایات کا ازالہ ہر صورت کیا جائے گا،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مظفرگڑھ

مظفر گڑھ ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 25 جنوری2019ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مظفرگڑھ عمران کشور نے کہا ہے کہ عوامی شکایات کا ازالہ ہر صورت کیا جائے گا ، عوامی مسائل حل کرنے سے روحانی سکون حاصل ہوتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اورانسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب امجد جاوید سلیمی کے ویژن کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفس مظفر گڑھ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔کھلی کچہری کا آغاز ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مظفرگڑھ عمران کشور نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔ کھلی کچہری میں سول سوسائٹی، انجمن تاجران ،میڈیا نمائندگان اور معززین علاقہ و شہری مظفرگڑھ موجود تھے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عمران کشور نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور انسپکٹر جنرل آف پولیس امجدجاویدسلیمی کی ہدایات پر عوام الناس کے مسائل براہ راست سن کر ان کو فوری حل کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مظفرگڑھ عمران کشور نے کھلی کچہری میں ضلع کی عوام کے مسائل براہ راست سنتے ہوئے انہیں فوری حل کرنے کے موقع پر احکامات صادر کئے انہوں نے کہا اگر کسی بھی فرد کو کوئی مسئلہ درپیش ہوتو اس کا مسلہ فوری طور پر حل کیا جائے گا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ قانون سے کوئی شخص بالاتر نہیں ہے پولیس افسران دل میں خوف خدا رکھ کر فریقین کو سماعت کریں اور انصاف کی فراہمی میں رکاوٹ بننے والے عناصر کا سختی سے قلع قمع کیا جائے گا۔کھلی کچہری میں دلچسپ صورتحال اس وقت سامنے آئی جب ہر دو فریقین کو سامنے بٹھا کر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے سماعت کی اور ان کی موقع پر صلح کروا دی۔ کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو فوری انصاف فراہم کرنا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ ضلعی پولیس عوامی مسائل کو حل کرنے کے لیے چوبیس گھنٹے مصروف عمل ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عمران کشور نے پولیس افسران کو پابند کیا کہ اگلی کھلی کچہری تک تمام سائلین کے مسائل ہر صورت حل ہونے چاہییں۔ اس موقع پر سول سوسائٹی اور شہریوں کی بڑی تعداد نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عمران کشور کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس طرح کھلی کچہری کے انعقاد سے مسائل فوری حل ہو جاتے ہیں۔