مظفرگڑھ(مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 24 فروری2023ء) پنجاب کی نگران حکومت نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال علی پور کے ڈائیلاسز سنٹر کے لیے مشینوں کی خریداری کی گرانٹ جاری کر دی ہے جس سے ڈائیلاسز کی 13 مشینیں خرید لی گئی ہیں ۔ یہ بات چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی مظفرگڑھ ڈاکٹر اقبال ساجد ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔
انہوں نے کہا کہ علی پور میں ڈائیلاسز سنٹر جلد ہی فنکشنل کر دیا جائے گا ۔ گردے کے مریضوں کی رجسٹریشن شروع کر دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال علی پور میں ڈائیلاسز سنٹر فنکشنل ہونے سے ضلعی صدر ہسپتال مظفرگڑھ میں واقع ڈائیلاسز سنٹر پر بوجھ کم ہو جائے گا ۔ علی پور ڈائیلاسز سنٹر سے تحصیل جتوئی ، علی پور اور گرد و نواح کے علاقوں کے مریضوں کو مفت ڈائیلاسز کی سہولت فراہم ہو گی۔