طلبہ کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنا ہماری قومی ذمہ داری ہے، ڈاکٹرمحمد اقبال مکول

مظفر گڑھ۔4 دسمبر(مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 04 دسمبر2017ء) ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد اقبال مکول نے کہا ہے کہ طلبہ ہماری قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں، طلبہ کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنا ہماری قومی ذمہ داری ہے پنجاب حکومت اس قومی ذمہ داری کو خوب نبھا رہی ہے ، پنجاب بھر کی طرح ضلع مظفرگڑھ کے سرکاری ہسپتالوں میں عام عوام کی طرح طلبہ ، بچوں اور خواتین کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، تمام بڑے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی جارہی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مظفرگڑھ میں جاری ہفتہ صحت کے تحت گورنمنٹ کمپری ہنسیو سکول مظفرگڑھ میں منقدہ ہیلتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کنونشن سے پرنسپل گورنمنٹ کمپرہینسوسکول اور دیگر اساتذہ اور ڈاکٹروں نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر محمد اقبال مکول نے کہا کہ 11دسمبر تک ضلع کے تمام سکولوں اور کالجز میں ایسے سیمینار منعقد کئے جائیں گے تاکہ عوام کو حکومت پنجاب کی طرف سے صحت کے شعبہ میں کی گئیں انقلابی تبدیلیوں سے آگاہ کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق ضلع کی ہسپتالوں کی حالت بہت بہتر ہو چکی ہے۔