ضلع کے تمام ہسپتالوں میں سٹاف اور ادویات کی بروقت فراہمی کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے،ڈپٹی کمشنر

مظفر گڑھ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 28 جولائی2017ء) ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ سیف انور نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق ضلع کی عوام کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے، انہوںنے کہا کہ ضلع کے تمام ہسپتالوں میں سٹاف اور ادویات کی بروقت فراہمی کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کی کارکردگی کو مانیٹر کرنے کیلئے ضلع بھر کے ہسپتالوں کے دورے کئے جارہے ہیں، انہوں نے کہا کہ مریضوں کی خدمت میں ہی عبادت ہے اور دنیا و آخرت کی بھلائی کا ذریعہ ہے، انہوں نے کہا کہ مریضوں کی دیکھ بھال کے عمل میں کوتاہی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔یہ بات انہوں نے آج ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال مظفرگڑھ میں سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، تقریب سے چیئر مین ڈسٹرکٹ کونسل سردار عمر خان گوپانگ ، چیئر مین میونسپل کمیٹی اکرم خان چانڈیہ ،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شاہد مگسی، ایم ایس ڈاکٹر مہر اقبال،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر اقبال مکول اور دیگر ماہرین نے بھی خطاب کیا،چیئر مین ضلع کونسل سردار عمر خان گوپانگ نے کہا کہ صحت کا شعبہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے جس کیلئے اربوں روپے کے فنڈز فراہم کئے جارہے ہیں، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر مہر اقبال نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال وزیر اعلیٰ پنجاب کے صحت کے وژن کے مطابق ضلع کے مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کررہا ہے، مریضوں کو مفت ادویات دی جارہی ہیں، ہسپتال میں صحت و صفائی کا خصوصی خیال رکھا جارہا ہے ، قبل ازیں ایم ایس ڈاکٹر مہر اقبال ے تقریب کے شرکا ء کو ہسپتال میں موجود سہولیات کے حوالے سے بریفنگ دی۔