ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو حکومتی نمائندوں کی مشاورت سے جلد سے جلد مکمل کیا جائے گا ، ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر

مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 28 مئی2022ء) ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر نے کہا ہے کہ ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو حکومتی نمائندوں کی مشاورت سے جلد سے جلد مکمل کیا جائے گا اور جو منصوبے مکمل ہو چکے ہیں ان کا جلد افتتاح کیا جائے گا، جو ٹھیکیدار کام نہیں کررہے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی جائیں گی اور ان کو بلیک لسٹ کیا جائے گا ۔

یہ بات انہوں نے ضلع رابطہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ ممبران قومی اسمبلی نوابزادہ افتخاراحمد، ارشاد احمد سیال سمیت حماد نواز خان ٹیپو، قاسم ہنجرا، احمد یار ہنجرا، قسور کریم لنگڑیال اور نعیم احمد چانڈیہ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومتی نمائندے جاری منصوبوں کا مشاہدہ کریں اگر اس میں تبدیلی کرنی ہے تو تحریری طور پر آگاہ کریں تاکہ ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی سے منظوری حاصل کی جائے اور اس کے مطابق کام شروع کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام حکومتی نمائندے آئندہ مالی سال کیلئے بھی اپنے اپنے علاقوں کیلئے ترقیاتی منصوبوں سے بھی آگاہ کریں تاکہ ان کو آئندہ بجٹ میں شامل کیا جائے۔ ممبران قومی اسمبلی اور حکومتی نمائندگان نے کہا کہ جن منصوبوں پر کام جاری ہے اور تکمیل کے مراحل میں ہیں ان کو فوری مکمل کیا جائے اور جو منصوبے ابھی شروع نہیں ہوئے ان کا دائرہ کار تبدیل کیا جائے۔ 

اجلاس میں بتایا گیا کہ قومی اسمبلی کے 3حلقوں میں 117ترقیاتی منصوبے شروع کئے گئے تھے جن کیلئے 4ارب 8کروڑ 77لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز مختص کئے گئے تھے۔ صوبائی اسمبلی کے 11حلقوں میں 574ترقیاتی منصوبے شروع کئے گئے جس کیلئے 18ارب 79کروڑ76لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز مختص کئے گئے ت، ان میں سے متعدد منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شاہ رخ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ انعم حفیظ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر تنویر احمدسمیت محکمہ بلڈنگ، محکمہ ہائی وے، محکمہ لوکل گورنمنٹ، محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ او ر محکمہ آبپاشی کے افسران سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ 

قبل ازیں ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر نے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ جن منصوبہ جات پر کام جاری ہے ان کو 15جون تک مکمل کیا جائے۔ \378