ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر جاری کام کی رفتار کو تیز اور مالی سال کیلئے مختص فنڈز کو استعمال کیا جائے ،ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر

مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 04 جون2022ء) ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر نے کہا ہے کہ ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر جاری کام کی رفتار کو تیز کیا جائے اور مالی سال 2021-22میں مختص فنڈز کو استعمال کیا جائے ،اگر فنڈز ضائع ہوئے تو اس کا ذمہ داری متعلقہ ادارے کا سربراہ ہوگا۔ یہ بات انہوں نے ضلعی ترقیاتی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد شاہ رخ اور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ انعم حفیظ بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جن منصوبوں پر فنڈز خرچ نہیں ہوسکتے ان کے فنڈز کو دوسرے جاری منصوبوں پر منتقل کرائیں،جاری منصوبوں پر حلقہ کی سیاسی شخصیات کا اعتماد میں لیا جائے، اگر کسی منصوبے کی تکمیل یا کام جاری رکھنے میں کسی مشکلات یامسائل کا سامنا ہے تو فوری آگاہ کیا جائے تاکہ اس کو بروقت ازالہ کیا جاسکے۔

انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ تمام منصوبے 15جون تک مکمل کر کے رپورٹ کی جائے۔اجلاس میں بتایا کہ ضلع میں 1281ترقیاتی منصوبے شروع کئے گئے جن کا مجموعی تخمینہ 27ارب 90کروڑ56لاکھ روپے سے زائد، مالی سال 2021-22میں درج بالا منصوبوں کیلئے 7ارب 94کروڑ سے زائد کے فنڈز مختص کئے گئے تھے جس میں سے اب تک 5ارب 43کروڑ سے زائد کی رقم خرچ کی جاچکی ہے۔ اجلاس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹیکنیکل تنویر احمد سمیت محکمہ بلڈنگ، محکمہ ہائی وے، محکمہ تعلیم، محکمہ صحت، محکمہ پبلک ہیلتھ، محکمہ لوکل گورنمنٹ کے افسران نے شرکت کی۔