ضلع مظفرگڑھ کی عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے،صوبائی وزیر برائے ریونیو نوبزادہ منصور احمد خان

مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 11 اگست2022ء) صوبائی وزیر برائے ریونیو نوبزادہ منصور احمد خان نے کہا ہے کہ چیئر مین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی قیادت اور وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کی سربراہی میں ضلع کی عوام کی فلاح و بہبود اور ضلع کی تعمیرو ترقی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کی پسماندگی کے خاتمے کیلئے تعلیم، صحت اور انفراسٹکچر سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

یہ بات انہوں نے اپنی رہائش گاہ پرعمائدین علاقہ کے مختلف وفود سے ملاقات کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں تعمیرو ترقی کے جاری منصوبوں پر کام جاری رہے گا اوراس کے علاوہ عوامی فلاح کے مزید نئے منصوبے بھی شروع کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ ریونیو کو جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے، مواضعات کی سطح پر دیہی مرکز مال قائم کئے جاچکے ہیں، جہاں فرد ملکیت کے اجراء سمیت دیگر سہولیات بھی موجود ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ جلد ہی ان کو اپ گریڈبھی کیا جائے گا اور تمام سہولیات فراہم کی جائیں گے جس سے دور دراز کے علاقوں کی عوام کو مظفرگڑھ شہر آنے جانے کی بچت ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عاشور محرم کے دوران ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال بہت بہتر رہی ہے جس کا سہرا یہاں کی پرا من عوام، جید علما ء و مشائخ، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے سر ہے انہوں نے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو ضلع بھر میں امن قائم رکھنے پر مبارک باد بھی دی۔ 

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کیطرف سے بہترین انتظامات کئے گئے تھے۔ کمشنر، ڈپٹی کمشنر نے مختلف علاقوں کو خود وزٹ کیا اور صورت حال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی طرف سے سیکیورٹی کے بھی بہترین انتطامات کئے گئے تھے۔ ممبران امن کمیٹی نے قائم امن کیلئے مثالی کردار ادا کیا جو ضلع میں مستقل قیام امن کیلئے خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب نے مل کر ضلع میں پائیدار امن قائم کرنا ہے اس ضلع کو مثالی ضلع بنانا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف علاقوں سے آنے والے افراد کے مسائل سنے اور ان کو فوری حل کرانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔