ضلع مظفرگڑھ میں اب تک پولیو کا کوئی کیس رجسٹرڈ نہیں ہوا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر

مظفرگڑھ۔27 ستمبر(مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 27 ستمبر2018ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل آصف رحمان نے کہا ہے کہ یہ امر باعث اطمینان ہے کہ ضلع مظفرگڑھ میں اب تک پولیو کا کوئی کیس رجسٹرڈ نہیں ہوا جو اس بات کی دلیل ہے کہ ضلع مظفرگڑھ میں محکمہ صحت کی انسداد پولیو ٹیمیں اپنا کام بخوبی سرانجام دے رہی ہیں۔یہ بات انہوں نے ضلع میں جاری 3روزہ انسداد پولیو مہم کے اختتام پر ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر سی ای او صحت ڈاکٹر صدیق بلوچ بھی ان کے ہمراہ تھے، اے ڈی سی جی آصف رحمان نے کہا کہ پاکستان سے پولیو کے مرض کے مکمل خاتمے تک ہم نے پوری ایمانداری ،محنت اور لگن سے اس مہم کو جاری رکھنا ہے اور کامیاب بنانا ہے تاکہ اس مرض کا جڑ سے خاتمہ ہوسکے، جس کیلئے حکومت ہر ممکن وسائل فراہم کررہی ہے ، اجلاس میں سی ای او صحت ڈاکٹر صدیق بلوچ نے بتایا کہ ماہ ستمبر کی 3روزہ مہم کے دوران ضلع بھر میں 5سال تک کی عمر کے 8لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین کے قطرے پلائے گئے ، جس کیلئے 18سو سے زائد ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں ، جن میں 3ہزار سے زائد اہلکاروں نے گھر گھر جا کر بچوں کو ویکسین کے قطرے پلائے، مہم کے دوران ضلع کے داخلی راستوں پر بھی ٹیمیں تعینات کی گئیں تھیں جہاں ضلع میں داخل ہونیوالے بچوں کو ویکسین کے قطرے پلائے گئے، ضلع کے دور دراز کے دیہی علاقوں سمیت بیٹ کے علاقوں میں ٹیموں نے جار کر بچوں کو قطرے پلائے، مہم کے دوران ٹیموں کومحکمہ پولیس کی طرف سے سکیورٹی فراہم کی گئی اور تمام متعلقہ محکموں کے مکمل تعاون کی بدولت مہم کے اہداف کو مکمل کیا گیا، اجلاس میں محکمہ صحت کے افسران سمیت متعلقہ محکموں کے ضلعی افسران نے شرکت کی۔