ضلع بھر میں ریسکیو 1122 کی ریفرل سروس کا افتتاح

مظفر گڑھ۔3 فروری(مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 03 فروری2017ء)ڈپٹی کمشنر سیف انورنے ضلع بھر میں ریسکیو 1122 کی ریفرل سروس کا افتتاح کردیا، محکمہ صحت کی 27 ایمبولینسز ریسکیو1122 کے حوالے کردی گئیں۔ تفصیلات کی مطابق ریفرل سروس کے افتتاح کی پروقار تقریب ریسکیو1122کے مرکزی دفتر میں ہوئی جہاں ڈپٹی کمشنر سیف انورکی جانب سے لال ربن کاٹ کرریسکیو1122 کی ریفرل سروس کا افتتاح کیا گیا۔،اس موقع پرریفرل سروس کے لیے محکمہ صحت کی 27 ایمبولینسز ریسکیو 1122 کے حوالے کردی گئیں۔اس سروس کے تحت ریسکیو1122کی جانب سے ضلع کے ہسپتالوں میں موجود سیریس مریضوں کو دوسرے ہسپتالوں میں منتقل کرنے کے لیے مفت ایمبولینس سروس فراہم کی جائیگی۔اس موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سیف انور نے کہا کہ ریسکیو ایمبولینسز کی رجسٹریشن اور ریفرل سروس کی شروعات کا مقصد دستیاب وسائل کو منظم کرنا ہے،انہوں نے مزید کہا کہ ایمبولینسز کی رجسٹریشن کے لیے محکمہ سوشل ویلفیئر اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں،ریفرل سروس پنجاب حکومت کا انقلابی قدم ہے ،انہوں نے کہاکہ پرائیویٹ اور مختلف اداروں کی ایمبولینسز کی بھی رجسٹریشن کی جائیگی تاکہ ایمبولینسز کے کسی بھی دہشتگردانہ کاروائی میں استعمال ہونے کے امکانات کو روکا جاسکے۔قبل ازیں ڈپٹی کمشنر سیف انور ریسکیو کے دفتر میں پہنچے تو ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹرارشاد الحق کی جانب سے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دی گئی ،ڈاکٹرارشاد الحق نے بتایا کہ ریسکیو1122ریفرل سروس کو احسن بنیادوں پر چلائے گی اور مریضوں کو بہترین خدمات کی فراہمی کی ہرممکن کوشش کی جائیگی۔اس موقع پر ای ڈی او صحت ڈاکٹر شاہد مگسی بھی موجود تھے۔