ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال مظفرگڑھ میں مستقل بنیادوں پر پناہ گاہ کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے، امجد شعیب خان ترین

مظفرگڑھ ۔ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 04 ستمبر2020ء) ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال مظفرگڑھ میں مستقل بنیادوں پر پناہ گاہ کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے، جہاں ہسپتال میں داخل مریضوں کے لواحقین سمیت دیگر ضرورت مند افراد رات کو قیام کرسکیں گے، یہ بات انہو ں نے پناہ گاہ کے قیام کے لئے ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال مظفرگڑھ میں جگہ کا معائنہ کرتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ رانا محمد شعیب اورایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر مہر محمد اقبال بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پناہ گاہ کی تعمیر جلد شروع کردی جائے گی، جہاں 40افراد ایک وقت میں قیام کرسکیں گے، جس میں 20مرد اور 20خواتین شامل ہو گی، مرد و خواتین کے لئے علیحدہ علیحدہ ہال کمرے تعمیر کئے جائیں گے،پناہ گاہ میں ضروریات زندگی کی تمام سہولیات میسرہوں گی۔

انہوں نے بتایا کہ یہ پناہ گاہ مستقل طور پر قائم کی جائے گی ضرورت کے مطابق اس کی مزید توسیع کی جاسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ویژن کے مطابق ضلعی سطح پر عوام کو وہ تمام سہولیات فراہم کی جارہی ہیں جو بڑے شہروں میں عوام کو دستیاب ہیں تاکہ ضلع کی عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف میسر ہو۔