صوبہ کے ہر فرد کو بلا امتیاز صحت کی بنیادی سہولیات ترجیح بنیادوں پر فراہم کی جارہی ہیں، ڈپٹی کمشنر

مظفر گڑھ۔7 اپریل(مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 07 اپریل2018ء)صحت انسان کا بنیادی حق ہے ، صحت مند معاشرے کی تکمیل کیلئے معاشرے کے ہر فرد کو صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہم سب سی مشترکہ ذمہ داری ہے ، یہ بات ڈپٹی کمشنر محمد سیف انور نے صحت کے عالمی دن کے موقع پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال مظفرگڑھ میں ماہ اپریل کی انسداد پولیو مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب صوبہ کے ہر فرد کو بلا امتیاز صحت کی بنیادی سہولیات ترجیح بنیادوں پر فراہم کررہی ہے ، تمام سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں سمیت دیگر سٹاف کی حاضری کو یقینی بنایا گیا ہے، امراض کی تشخیص سمیت علاج معالجہ کی مفت سہولت اور مفت ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ ایک صحت مند زندگی بسر کرنے کیلئے ہمیں اپنا معیار زندگی کو بہتر بنانا ہوگا، اچھی اور صاف ستھری غذا کا استعمال کریں، ورزش اور چہل قدمی کے لئے وقت نکالیں، ڈپٹی کمشنر نے انسداد پولیو کے حوالے سے کہا کہ ملک سے پولیو جیسے موذی مرض کا مکمل اور مستقل خاتمے کیلے ہم سب کا اپنی کوشش جاری رکھنا ہے اور ہر مرتبہ 5سال تک کی عمر کے ہر بچے کو پولیو سے بچائو کی ویکسین کے قطرے ضرور پلانا ہیں اور معاشرے کے ہر فرد کو اس کی ترغیب بھی دینا ہے، ڈپٹی کمشنر نے بچوں کو ویکسین کے قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کیا اور صحت کے عالمی دن کے حوالے سے کی جانے والے ایک واک کی قیادت کی جس کا مقصد”صحت سب کے لئے “کا شعور اور آگاہی فراہم کرنا تھا، اس موقع پر چیف ایگزیکٹیو آفیسر صحت ڈاکٹر شاہد مگسی نے بتایا کی 9اپریل سے 11اپریل تک جاری انسداد پولیو مہم کے دوران 8لاکھ سے زائد بچوں کو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے جس کے لئے 1743ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو گھر گھر جا کر 5سال تک کی عمر کے بچوں کو ویکسین کے قطرے پلائیں گی، ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر مہر اقبال نے بتایا کہ اس مرتبہ پولیو سے بچائو کی ویکسین کے ساتھ ساتھ بچوں میں غذائی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے 6ماہ سے 5سال تک کی عمر کے بچوں کو وٹا من اے کے قطرے بھی پلائے جائیں گے ، اس موقع پر مولانا عبدالمعبود آزاد، ڈی ایچ او ڈاکٹر طارق محمود سمیت محکمہ صحت کے افسران اور ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔