شہر کی بہتری، تعمیرو ترقی کیلئے شروع ہونے والا پروگرام انتہائی اہم سنگ میل ثابت ہوگا،ڈپٹی کمشنرمظفرگڑھ

مظفرگڑھ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 16 جنوری2019ء) ڈپٹی کمشنرڈاکٹر احتشام انور نے کہاہے کہ ایشین ڈویلپمنٹ بنک کے تعاون سے مظفرگڑھ میں شہر کی بہتری، تعمیرو ترقی اور فلاح کیلئے شروع ہونے والا پروگرام مظفرگڑھ کی ترقی ایک انتہائی اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔یہ بات انہوں نے آج ایشین ڈویلپمنٹ بنک کے وفد کے دورہ مظفرگڑھ کے موقع پر اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عطاالحق،اسسٹنٹ کمشنر ظہور حسین بھٹہ،میونسپل کمیٹی مظفرگڑھ سے ملک محبوب واڈو سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ایشین ڈویلپمنٹ بنک نے مظفرگڑھ سمیت پاکستان کے درمیانے درجے کے شہروں کو مزید ترقی دینے کیلئے تعاون کا فیصلہ کیا ہے،اس پروگرام کے تحت مظفرگڑھ سمیت ان شہروں میں معاشی ترقی کیلئے دروازے کھلیں گے، ایشین ڈویلپمنٹ بنک کے مظفرگڑھ سمیت درمیانے درجے کے شہروں کو ترقی دینے کے اس پروگرام کے تحت روزگار کیلئے مواقع پیدا ہونگے۔