مظفر گڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 17 جولائی 2022ء ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء شہباز گل کو مظفر گڑھ سے گرفتار کر لیا گیا ‘ وزیر داخلہ پنجاب عطاء تارڑ نے تصدیق کردی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر داخلہ پنجاب عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ شہباز گل کو مظفر گڑھ سے ایف سی کے بیج لگے مسلحہ افراد ساتھ رکھنے پر پولیس نے گرفتار کرلیا ہے ، شہباز گل کو دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ قبل ازیں پولیس اہلکاروں نے ان سے مذاکرات بھی کیے تھے لیکن شہباز گل کا کہنا تھا کہ وہ گارڈز کے ہمراہ واپس جائیں گے جب کہ گرفتاری پر شہباز گل کا موقف سامنے آیا ہے کہ انہیں بغیر ورانٹ کے گرفتار کیا گیا۔ دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء شہباز گل کے بیان پر الیکشن کمیشن کا ردعمل آگیا، ترجمان الیکشن نے کہا ہے کہ شہباز گل نے جھوٹ پھیلانے کا ٹھیکہ لے رکھا ہے ، مظفر گڑھ کے حلقہ پی پی 272 پولنگ اسٹیشن نمبر 46 میں پی ٹی آئی کے ایجنٹ موجود ہیں ، ریٹرننگ افسر نے دونوں سے فون پر رابطہ کر کے کنفرم کیا ہے ، غلط خبریں نہ پھیلائیں ، لیڈرز گمراہ نہیں کرتے بلکہ راستہ دکھاتے ہیں ، عوام بھی افواہوں پر یقین نہ کریں۔
اسی طرح پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے دھاندلی کا الزام لگا کر ملتان کی ایک فیکٹری میں داخل ہونے کی کوشش کی اور الزام عائد کیا کہ فیکٹری کے اندر ٹھپے لگائے جارہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ آر او یہاں آئیں اور فیکٹری کے اندر جو ٹھپے لگائے جا رہے ہیں اس کا نوٹس لیں، فیکٹری کا مالک چوہدری ذوالفقار بھاگ گیا۔