شوہر کے ساتھ تلخ کلامی ہوئی جو بڑھتے بڑھتے شدید جھگڑے کی شکل اختیار کر گئی ، اس دوران خاتون نے طیش میں آکررات کو تیز دھار آلے سے اپنی 2 سالہ سگی بیٹی کا گلا کاٹ دیا ، پولیس ذرائع
مظفر گڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 05 نومبر2020ء) صوبہ پنجاب کے شہر مظفر گڑھ کے علاقے بستی گشکوری میں شوہر کی دوسری شادی کرنے کے شک میں مبتلا بیوی نے اپنی 2 سالہ بچی کو قتل کردیا۔ پولیس کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ خاتون کو شک تھا کہ اس کے شوہر نے چوری چھپے دوسری شادی کی ہوئی ہے ، جس کی بناء پر اس کی اپنے شوہر کے ساتھ تلخ کلامی ہوئی جو کہ بڑھتے بڑھتے شدید جھگڑے کی شکل اختیار کر گئی ، اس دوران خاتون نے طیش میں آکررات کو تیز دھار آلے سے اپنی 2 سالہ سگی بیٹی کا گلا کاٹ دیا ، ماں کے ہاتھوں قتل ہونے والی اس معصوم بچی کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے رورل ہیلتھ سینٹر سنانواں منتقل کردی گئی ، جب کہ پولیس کی طرف سے کی جانے والی کارروائی کے نتیجے میں خاتون کو حراست میں لے لیا گیا۔
مظفرگڑھ سے ہی موصول ہونے والی ایک اور خبر میں شوہرنے دوسری شادی کی اجازت نہ ملنے پر اپنا ہی شیرخوار بچہ اغوا کرلیا ، اس حوالے سے بتایا گیا کہ مظفرگڑھ میں تھانہ شہرسلطان کے علاقے میں نوجوان سیف اللہ نے اپنی پہلی بیوی کی طرف سے دوسری شادی کی اجازت نہ ملنے پراپنے بچے کو ہی یرغمال بنا لیا ، اس وقعے کے بارے میں جب بچے کی ماں اور اس شخص کی پہلی بیوی نے جب پولیس کو اطلاع دی توپولیس پر بھی نوجوان 14 گھنٹے تک فائرنگ کرکے مقابلہ کرتا رہا ، تاہم بعد ازاں پولیس کی طرف سے ملزم کو کئی گھنٹے بعد گرفتار کرلیا گیا ، جب کہ اس کے قبضہ سے شیرخواربچے کو بحفاظت بازیاب کرواکر اس کی ماں کے حوالے کردیا گیا۔
جب کہ سیالکوٹ میں پہلی بیوی کی طرف سے دوسری شادی کی اجازت نہ دیے جانے پر ڈاکٹر نے خود کشی کرلی ، سیالکوٹ کے نواحی علاقہ بھوپال کا رہائشی ایک 40 سالہ دانتوں کا ڈاکٹر زبیر احمد دوسری شادی کرنے کا خواہش مند تھا ، جس کے لیے اس نے اپنی پہلی بیوی سے اجازت طلب کی تو اس نے صاف انکار کردیا ، جس کی بنا پر دلبرداشتہ ہوکر اس نے زہریلی گولیاں کھالیں ، طبعیت بگڑنے پر اسے ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جاں بر نہ ہوسکا اور انتقال کرگیا۔