شعبہ تعلیم او ر صحت میں ترجیح بنیادوں پر کام کیا جارہا ہے، ڈپٹی کمشنر

مظفر گڑھ۔4 دسمبر(مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 04 دسمبر2017ء) ڈپٹی کمشنر سیف انور نے کہا ہے کہ ضلع کی تعمیرو ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق عملی اقدامات کئے جارہے ہیں، شعبہ تعلیم او رشعبہ صحت میں ترجیح بنیادوں پر کام کیا جارہا ہے، تمام سرکاری ہسپتالوں میں اعلیٰ معیار کی ادویات کی مفت فراہمی کے ساتھ ساتھ ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری کو یقینی بنایا گیا ہے، سرکاری ہسپتالوں پر عوام کا اعتماد بحال ہوچکا ہے ، ہزاروں مریض روزانہ مستفید ہورہے ہیں، دیہی مراکز صحت اور بنیادی مراکز صحت کی سطح پر تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، حکومت پنجاب کی ہدایت پرضلع میں یرقان کی مرض کی تشخیص کیلئے خصوصی کیمپ لگایا گیا،سٹاف کی سکریننگ کرائی گئی اور اب ہفتہ صحت منایا جارہا ہے جہاں پر ہزاروں مریض کو تشخیص کے بعد مفت علاج او رادویات فراہم کی جارہی ہیں۔یہ بات انہوں نے ڈسٹرکٹ پریس کلب کے زیر اہتمام میٹ دی پریس کی خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوںمیں اساتذہ کی حاضری کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ سکولوں میں بچوں کے داخلے پر بھی توجہ دی جارہی ہے ، مارنہیں پیار پر سو فیصد عمل کیا جارہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ تعمیرو مرمت کے منصوبوں میں اعلیٰ معیار میٹریل کے استعمال کو یقینی بنایا گیا ہے ، غیر معیاری میٹریل استعمال کرنے پر ایک سکول اور سولنگ کو منہدم کروا کر دوباروہ تعمیر کرایا گیا ہے ، بلدیاتی اداروں کو مستحکم کرنے کیلئے عملی اقدامات کئے جارہے ہیں، صاف دیہات پروگرام کے تحت یونین کونسل کی سطح پر صفائی کا عملہ اور ٹریکٹر ٹرالیاں فراہم کی جائیں گی، لوکل ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت ہر یونین کونسل کو 25لاکھ روپے اور وارڈ کو 5لاکھ روپے کے فنڈ فراہم کئے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ مظفرگڑھ سے ڈی جی خان روڈ کی تعمیر پر تیزی سے کام جاری ہے جو معینہ مدت سے قبل ہی مکمل کرلیا جائے گا، وزیر اعلیٰ پنجاب جلد ہی علی پور روڈ کی تعمیر کا بھی افتتاح کریں گے،۔ ایک سوال کے جواب میں ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مظفرگڑھ شہر میں دور ویہ سٹرک کی تعمیر پر جلد دوبارہ کام شروع ہوجائے گا، کچہری چوک سے سہیل پیٹرول پمپ تک منہدم کردہ عمارتوں کی ادائیگی کردی جائے گی، فیاض پارک اور چناب پارک کو عوام کی تفریحی کیلئے جلد بحال کیا جائے گا، کوڑے خان سکول کی پارکنگ کیلئے صوبائی وزیر جیل خانہ جات سے جیل کی اراضی کے لئے درخواست کی گئی ہے منظوری کے بعد پارکنگ بنادی جائے گی۔اس موقع پر صحافیو ں نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا کہ سوشل سکیورٹی ہسپتال میں صحافیوں اور ان کے ورثہ کے مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائے جس پر ڈپٹی کمشنر نے فوری طور پر ہسپتال انتظامیہ سے بات کرنے کی یقین دہائی کرائی۔ صحافی کالونی کیلئے ریفرنس فور ی طور پر بورڈ آف ریونیو کو ارسال کرنے کا وعدہ کیا۔