سینٹری ورکرزکو فراہم کردہ حفاظتی کٹس کا استعمال ہر صورت کیا جائے ،ڈپٹی کمشنر مظفر گڑھ

مظفر گڑھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین – اے پی پی۔ 02 ستمبر2022ء) سینٹری ورکرزکو فراہم کردہ حفاظتی کٹس کا استعمال ہر صورت کیا جائے اورکوئی بھی سیور مین اسکو پہنے بغیر اپنے ڈیوٹی انجام نہ دے ۔یہ ہدایت ڈپٹی کمشنر مظفر گڑھ علی عنان قمر نے گذشتہ روز سی پی ڈی آئی کے زیر اہتمام جناح ہال ضلع کونسل میں جی آئی زیڈ کے سپورٹ ٹو لوکل گورننس پروگرام (لوگو II) پروجیکٹ کے تحت سینٹری ورکرز کیلئے پیشہ وارانہ حفاظتی طریقہ کار بارے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کے موقع پر میونسپل کارپوریشن کے افسران اور سینٹری ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ سینٹری ورکرز کی جان کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے اور کل سے میں اس کو خود مانیٹر کروں گا اس لیے چیف آفیسر ان سیفٹی کٹس کا استعمال یقینی بنائیں۔

قبل ازیں ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن وایڈیشنل کمشنر (ریونیو) شاہ رخ خان نے اپنے خطاب میں سینٹری ورکرز کیلئے حفاظتی کٹس کی فراہمی پر سی پی ڈی آئی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے ہمارے ان ورکرز کے کام میں آسانی رہیگی اس موقع پر چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن مظفر گڑھ رانا محبوب عالم نے کہ سیفٹی کٹس کی فراہمی کو احسن اقدام قرار دیا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی پی ڈی آئی کے پروجیکٹ منیجر فیصل منظور نے سیور مین اور سینٹری ورکرز کے کام کی تعریف کی اور ان کو ادارے کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیا اور کہا کہ ان کی جان کی حفاظت ہم سب کی اولین ترجیح ہونے چاہیے کیونکہ یہ صحت مند ہوں گے تو ہمارے شہر صاف نظر آئیں گے-