مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 28 اکتوبر2022ء) ڈی جی خان تعلیمی بورڈ سے منسلک نجی تعلیمی اداروں کو کمپیوٹر اور سائنس لیبز کے ساتھ ساتھ لائبریری اور سپورٹس سرگرمیوں پر توجہ دینا ہوگی ، سہولیات کی عدم فراہمی اور بچوں کے اعداد و شمار غلط ثابت ہونے پر رجسٹریشن منسوخ کردی جائے گی۔کمشنر و چیئرمین تعلیمی بورڈ لیاقت علی چٹھہ نے ضلع کوٹ ادو کے تعلیمی اداروں کے معائنہ کے دوران ایک ماہ کی مہلت دیتے ہوئے سہولیات کی بہتری کیلئے ہدایات جاری کردیں۔
ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو کیپٹن ریٹائرڈ سمیع اللہ فاروق،سیکریٹری بورڈ حبیب الرحمن گاڈی،اے سی کوٹ ادو اور دیگر افسران ہمراہ تھے۔کمشنر نے ضلع کوٹ کے نجی تعلیمی ادارے کنکورڈیا کالج،ڈی ایم ایس دانش مینٹوسوری سکول چیک کئے۔
انہوں نے کہا کہ کمپیوٹر،فزکس،کیمسٹری اور بیالوجی لیبز،لائبریری اور سپورٹس گراؤنڈ کی سہولت نہ دینے والے نجی تعلیمی اداروں کو بورڈ کے امتحانات میں بیٹھنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
تعلیمی بورڈ سے الحاق شدہ تمام ادارے ایک ماہ کے اندر سہولیات فراہم کریں،مانیٹرنگ اور ہدایات پر عملدرآمد کیلئے کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں،بچوں کے داخل خارج اور دیگر ریکارڈ کی باریک بینی سے جانچ پڑتال کی جائے گی۔ غلط بیانی کسی بھی صورت میں برداشت نہیں ہوگی۔نجی تعلیمی اداروں کی سپورٹس مقابلوں اور دیگر معاملات میں ہرممکن معاونت کریں گے۔43 کروڑ روپے کے فنڈز موجود ہیں۔کرکٹ ارینا،فٹسال جیسی سہولیات فراہم ہونی چاہیئے۔بچوں کی تعلیم کے ساتھ صحت مندانہ سرگرمیوں پر بھی توجہ دینا ہوگی۔لیبز میں باقاعدگی سے پریکٹیکلز کرائے جائیں۔کمشنر نے تعلیمی بورڈ کے معاملات اور امتحانی نظام میں بہتری کیلئے تجاویز بھی طلب کیں۔\378