مظفر گڑھ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 11 جنوری2017ء)ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122مظفرگڑھ ڈاکٹر ارشاد الحق نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق سرکاری ، نیم سرکاری اور نجی اداروں کی ایمبولینسوں کی رجسٹریشن کا عمل ریسکیو1122نے شروع کردیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کے اجلا س کے دوران ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ شوکت علی نے تمام متعلقہ اداروں کے سربراہان کو احکامات جاری کردئیے ہیں اور نجی ایمبولینسوں کے مالکان کو بھی نوٹسز جاری کردئیے گئے ہیں کہ وہ جلد سے جلد اپنی ایمبولینسوں کی رجسٹریشن مکمل کرائیں ، اس سلسلے میں شہر کے مختلف مقامات پر بینرز اور پوسٹربھی آویزاں کئے گئے ہیں، رجسٹریشن کیلئے مجوزہ فارم پرکیا جائے گا، متعلقہ دستاویزات اور بیان حلفی جمع کیا جائے گا۔کاروائی مکمل کرنے کے بعد ریسکیو 1122کی طرف سے رجسٹریشن کا سرٹیفیکٹ جاری کیا جائے گا، جس کے بعد وہ اپنی ایمبولینس کو حادثاتی مریضوں کی منتقلی کے کام لاسکیں گے او ر بوقت ضرورت ایمبولینسوں کو کسی بڑے حادثے پر ایمرجنسی سروسز کیلئے طلب بھی کیا جاسکے گا، ڈاکٹر ارشاد الحق نے مزید بتایا کہ رجسٹریشن کا بنیادی مقصد ایمولینسوں کے غیر ضروری استعمال سے روکنا، حادثات میں دستیابی کو یقینی بنانا، دہشت گردی میں استعمال سے بچانا شامل ہے ، انہوں نے کہا کہ غیر رجسٹریشن ایمبولینس روڑ پر چلنے کی اہل نہیں ہوگی، غیر رجسٹریشن ایمبو لینسوں کے خلاف کاروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔