مظفر گڑھ۔23 فروری(مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 23 فروری2017ء)ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ سیف انور جپہ نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کی ہدایت پر سردار کوڑے خان جتوئی کی طرف سے ٹرسٹ پراپرٹی کے ناجائز قابضین اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن جاری رہے گا اور 8مارچ تک تمام اراضی واگزار کرالی جائے گی، ناجائز قابضین کے خلاف آپریشن کا اگلا مرحلہ سوموار سے شروع ہوگا، یہ بات انہوں نے تحصیل جتوئی میں اسسٹنٹ کمشنر جتوئی کے دفتر میں ٹرسٹ پراپرٹی کو قابضین سے واگزار کرانے کے حوالے سے حکمت عملی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ نے انتہائی موثر اقدامات اٹھائے ہیں۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ نادھندگان سے ریکوری کا کام بھی تیز کیا جائے جبکہ مقدمات کے چالان بھی جلد عدالتوں میں پیش کئے جائیں تاکہ ان کے خلاف قانونی عدالتی کاروائی کی جاسکے، ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے بتایا کہ موضع ڈیرا کوڑا خان میں ٹرسٹ کی 5788کینا ل اراضی تحصیل جتوئی کی طرف سے حد بندی ہوگئی ہے، جبکہ جام پور تحصیل کیطرف سے جلد حد بندی مکمل کرلی جائے گی، انہوں نے بتایا کہ ٹرسٹ کی اراضی پر واقع سرکاری اداروں کی عمارات کیلئے جگہ حاصل کرکے رقم ٹرسٹ اکائونٹ میں جمع کرائی جائے، اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شہزاد خان مگسی ، اسسٹنٹ کمشنر جتوئی عمران شمس ، تحصیلدار جتوئی افتخار بھٹہ، نائب تحصیلدار میاں فیاض اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے محسن مظفرگڑھ سردار کوڑے خان جتوئی کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی، اس موقع پر انہوں نے مزار کی صفائی اور دیکھ بھال کیلئے ایک اہلکار کی تعیناتی کا حکم دیا اور فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت کی کہ وہ یہاں پر باغیچہ بنائیں جبکہ بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت کی کہ وہ مزار کی مرمت کے کام کو یقینی بنائیں۔