سانحہ مظفر گڑھ ،سات مزدور سپرد خاک،فی کس کیلئے دس لاکھ روپے امداد

مظفرگڑھ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔15جون۔2014ء)سانحہ مظفر گڑھ میں جاں بحق سات مزدوروں کو آہوں اور سسکیوں میں پتوکی میں سپرد خاک کر دیا گیا ، واقعے میں بچ جانے والے مزدور کا کہنا ہے کہ واپڈا حکام نے کھدائی کے دوران بجلی کی لائن کے بارے میں نہیں بتایا۔سات مزدور مظفر گڑھ کی ترکش کالونی میں گیس پائپ لائن بچھاتے ہوئے ویلڈنگ کے دوران کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوئے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب اور ترکی کی خاتون اول ایمان اردگان کی 21 جون کو آمد کے سلسلے میں ہنگامی بنیادوں پر کام جاری تھا ۔ ساتوں افراد کو آہوں اور سسکیوں میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔ بدقسمت خاندان کے پانچ افراد کی نماز جنازہ پتوکی جبکہ دو مزدوروں کی نماز جنازہ نواحی قصبے میں ادا کی گئی ۔ گھروں کے کفیلوں کی ناگہانی موت پر پورا علاقہ سوگ میں ڈوبا ہوا ہے ۔ واقعہ میں اپنا داماد کھونے والے شخص کا کہنا تھا کہ کھدائی کے دوران واپڈا حکام نے مزدوروں کو نہیں بتایا کہ نیچے بجلی کی لائن گزر رہی ہے ۔ وزیر اعلٰی پنجاب نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے جاں بحق مزدوروں کے لئے 10 لاکھ روپے فی کس امداد کا اعلان کیا ہے